نئی دہلی، 2 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ملک نے آج مہاتما گاندھی کو ان کی 147ویں جینتی پر یاد کیا اور صدر پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے یہاں ان کی قبر پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا ۔نائب صدر حامد انصاری، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سینئر بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی نے بھی بابائے قوم گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ گاندھی جی نے اس دنیا کو ایک بہتر جگہ بنایا۔ان کے خیالات ، غریبوں کے تئیں ان کا جذبہ اور ناانصافی کے خلاف ان کی جدوجہد ہماری حوصلہ افزائی کرتی ہے۔سفید رنگ کے کرتے پائجامہ میں ملبوس وزیر اعظم مودی صبح سات بج کر 40منٹ پر راج گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم کی قبر پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا ۔اس کے بعد انہوں نے ۔مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو، راؤ اندرجیت سنگھ اور کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی بابائے قوم کو گلہائے عقیدت پیش کیا ۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے ساتھ پہنچے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔مختلف ممالک کے سفیروں اور دیگر مشہور شخصیات نے بھی مہاتماگاندھی کی یاد میں منعقد پروگرام میں شرکت کی ۔بڑی تعداد میں اسکولی بچوں نے بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر مذہبی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا۔